اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
وزارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ حج پروازوں میں تاخیر یا تعطل کی خبریں درست نہیں ہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ عوام سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ معلومات پر اعتماد نہ کریں۔ اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا سمیت دیگر ضروری انتظامات کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے۔ وزارت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل ہوں۔ حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عیدالفطر کے بعد متوقع ہے۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث حج پروازوں کے التوا سے متعلق بعض خبریں بے بنیاد ہیں۔ حج 2026 کے تمام انتظامات بشمول ویزوں کا اجرا معمول کے مطابق جاری ہیں۔ حج پروازوں کے شیڈول کا اعلان عیدالفطر کے بعد کیا جائے گا۔
— Ministry of Religious Affairs & Interfaith Harmony (@MORAisbOfficial) March 15, 2026
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عیدالفطر کے بعد عازمین کو ان کی پروازوں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات سے متعلق مکمل معلومات فراہم کر دی جائیں گی تاکہ وہ سکون اور اطمینان کے ساتھ اپنی روانگی کی تیاری کر سکیں۔
انہوں نے عوام سے یہ بھی اپیل کی کہ غیر تصدیق شدہ خبروں پر یقین کرنے سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری معلومات کو ہی معتبر سمجھیں۔
